سعید غنی

فی الحال حالات ایسے نہیں کہ تعلیمی ا داروں کو کھولیں، سعید غنی

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کیاہے کہ اکثریت کی یہی رائے ہے کہ فی الحال حالات ایسے نہیں کہ تعلیمی ا داروں کو کھولیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ بچے کافی کمزور ہوتے ہیں اور ہم نہیں چاہتے کہ بچوں کو ایسا ماحول دیں جس میں وہ وائرس کا شکار ہوسکیں۔

ہم بھی چاہتے ہیں اور ہماری کوشش بھی ہے کہ بچوں کی تعلیم کم از کم متاثر ہو تاہم میرا اپنا خیال یہ ہے کہ اگر ہم اس وقت تعلیمی ادارے کھولنے کی بھی بات کریں گے جب ملک میں کوروناوائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں تو کوئی بھی والدین اپنے بچوں کو اسکول نہیں بھیجیں گے۔ یہ بہت مشکل فیصلہ ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ اسکول شاید وہ آخری جگہ ہو گی جس کو ہم کھولیں گے۔

ہم ٹرانسپورٹ کو ایس اور پیز کے ساتھ کھول دیں گے۔ان خیالات کا اظہار سعید غنی نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بھی این سی سی کے اجلاس میں سندھ حکومت کا یہ مؤقف تھا کہ کوروناوائرس کے تناظر میں جتنے بھی فیصلے ہوں ان میں وفاقی حکومت اور وزیر اعظم لیڈ کریں اور دیگر تمام صوبے ان کی پیروی کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ جتنے فیصلے این سی سی میں ہوئے ہیں ہم ان پر عملدرآمد کریں گے اور کوشش کریں گے کہ ایس او پیز پر بھی عملدرآمد کروائیں تاہم سپریم کورٹ آف پاکستان کا فیصلہ تھا کہ جو لوگ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہیں ان کی دوکانیں سیل نہ کی جائیں اور نہ ہی ان پر سختی کی جائے اور اگر سختی نہیں ہو گی اور انتظامیہ کوئی کاروائی نہیں کر سکتی اور دوکانیں سیل نہیں کرواسکتی تو پھر شاید ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے میں بھی بہت مشکلات پیش آئیں گی اور یہ بات ہم سپریم کورٹ کے سامنے بھی رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں