لاہور ( عکس آن لائن) معروف اداکار ببرک شاہ نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کی بحالی فرد واحد کے بس کی بات نہیں بلکہ اس کے لئے حکومت کو بھی سپورٹ کرنا چاہیے ، فلم انڈسٹری کے بحران کی بے شمار وجوہات ہیں مگر ہمیںاس بحث میں الجھنے کی بجائے مستقبل کی طرف دیکھنا چاہیے ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوںکہا کہ فلم انڈسٹری کو کوئی ایک شخص بحال نہیں کر سکتا بلکہ اس کے لئے مشترکہ طور پر جدوجہد کرنی ہو گی ۔
اس کے ساتھ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو فلم انڈسٹری کی بہتری کے لئے آگے آنا ہو گا تب جا کر ہم دوبارہ انڈسٹری کو اپنے پائوں پر کھڑا کر سکتے ہیں ۔ ببرک شاہ نے کہا کہ کراچی میں اچھی فلمیں بن رہی ہیں مگر وہاں سے فلمیں بننے سے ہرگز یہ تاثر نہیں لیا جا سکتا کہ پاکستان فلم انڈسٹری بحال ہو گئی ہے ، جب تک لاہور کے سٹوڈیو زآباد نہیں ہوں گے اس وقت تک فلم انڈسٹری کی بحالی مشکل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد اور میں نے فلم انڈسٹری کی خدمت کی ہے اور جب بھی میری ضرورت ہو گی میں اس انڈسٹری کے لئے دل و جان سے حاضر ہوں۔