پیرس (عکس آن لائن)فرانس نے اپنا ساختہ ایک رافیل لڑاکا جیٹ بھارت کے حوالے کردیا ہے۔بھارت نے 2016ء میں فرانس سے چھتیس رافیل لڑاکا طیارے خرید کرنے کا سودا کیا تھا۔ان طیاروں کی کل مالیت پونے نو ارب ڈالر سے کچھ زیادہ ہے۔بھارت کو رافیل لڑاکا جیٹ حوالے کرنے کی تقریب فرانس کے جنوب مغرب میں واقع علاقے میرجنک میں طیارہ ساز فرم داسالٹ ایوی ایشن کے پلانٹ میں منعقدہ ہوئی ۔
اس میں فرانسیسی وزیر دفاع فلورینس پارلی اور ان کے بھارتی ہم منصب راجناتھ سنگھ نے خصوصی شرکت کی۔تقریب میں رافیل لڑاکا جیٹ باضابطہ طورپر بھارت کے حوالے کیے جانے کے بعد وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پائیلٹ کا سوٹ زیب تن کیا اور ہیلمٹ پہن کر رافال کے کاک پٹ میں فرانسیسی ہوا باز کے ساتھ سوار ہوئے اور آزمائشی پرواز کی ۔بھارتی وزیر دفاع فرانس کے تین روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔
وہ اس تقریب کے بعد فرانسیسی ہم منصب سے دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون اور بحرہند اور بحرالکاہل کے خطے میں سکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرنے والے تھے۔واضح رہے کہ بھارت میں گذشتہ سال فرانس سے آٹھ ارب اٹھہتر کروڑ ڈالر مالیت کے طیارے خرید کرنے کے اس سودے پر ایک تنازع کھڑا ہوگیا تھا اور حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت پر فرانس سے یہ لڑاکا جیٹ قریباً تین گنا زیادہ قیمت پر خرید کرنے کا الزام عاید کیا تھا۔
کانگریس کا کہنا تھا کہ اس نے وزیراعظم مودی کے 2014ء میں برسراقتدار آنے سے قبل اپنے دورِحکومت میں فرانس سے تین گنا کم قیمت پر یہ طیارے خرید کرنے کے لیے مذاکرات کیے تھے لیکن مودی حکومت نے ان کی قیمت تین گنا زیادہ چڑھا دی ہے۔نریندرمودی اور ان کی حکومت دوسرے عہدے داروں نے اس دفاعی سودے میں کرپشن کی کسی قسم کی کارفرمائی کی تردید کی تھی اور سودے کو شفاف قرار دیا تھا۔