لاہور(عکس آن لائن)پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ باولر نسیم شاہ دورہ آسٹریلیا سے واپسی کے بعد قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے لیے کھیلیں گے، ان کی اگلی منزل آئندہ سال جنوبی افریقا میں ہونے والے ورلڈکپ کا ایونٹ ہے جس کے لیے وہ ٹیم کو جوائن کرینگے۔
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد کا غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آئندہ میگا ایونٹ کے دوران قومی فاسٹ باولر نسیم شاہ میرے خطرناک ہتھیار ہونگے، مجھے ورلڈکپ کے دوران ان کی ضرورت ہے۔ اب انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ بھی حاصل ہو گیا ہے۔
پاکستان میں ہونے والی سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس سیریز کے دوران سپنر توجہ کے مرکز ہوں گے، پاکستان کے پاس پہلے ہی فاسٹ باولر محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی موجود ہیں جو موجودہ کنڈیشنز کیلئے کافی ہیں۔
یہاں زیادہ تر انحصار سپنرز پر ہو گا۔ایک سوال کے جواب میں انڈر 19 ٹیم کے پاکستانی ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک نسیم شاہ کو صرف نیوزی لینڈ، انگلینڈ جیسی کنڈیشنز میں کھلایا جانا چاہیے کیونکہ آئندہ سال ایک بڑا ایونٹ آ رہا ہے جو ساتھ افریقا میں ہونا ہے، میری نظریں نسیم شاہ پر ہیں، میں اس بارے میں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کے ساتھ بات کروں گا کہ آئندہ ٹور کے لیے انہیں (نسیم شاہ) کو آرام دیا جائے۔