بیجنگ (نمائندہ عکس) 10 مارچ کو14 ویں قومی عوامی کانگریس کے پہلے اجلاس میں شی جن پھنگ کے عوامی جمہوریہ چین کے صدر منتخب ہونے کے اعلان کے بعد کئی ممالک کی رہنماؤں کی جانب سے شی جن پھنگ کو مبارک باد پیش کی گئی ۔
کمبوڈیا کے بادشاہ سیہا مونی نے کہا کہ شی جن پھنگ کی دانشمندانہ قیادت میں چین نے اصلاحات کو گہرا کرنے،وبا پر کامیابی سے قابو پانے اور معاشی ترقی حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ شی جن پھنگ کی دور اندیشی اور مضبوط قیادت میں چین مقررہ مدت کے اندر ہی ایک جدید سوشلسٹ طاقت بن جائے گا۔
اطالوی صدر میٹاریلا نے اپنے پیغام میں کہا کہ اٹلی اور چین کے درمیان قریبی تبادلے اور عوام کے درمیان مضبوط دوستی ہے جو مفید باہمی تعاون اور مکالمے کو گہرا کرنے کی مشترکہ خواہش کا اظہار کرتی ہے۔ دونوں فریقوں کو اٹلی اور چین کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی زیادہ سے زیادہ ترقی کو فروغ دینے کے لئے موجودہ مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔
سربیا کے صدر الیگزانڈر ووچچ نے کہا کہ ہمیں پختہ یقین ہے کہ شی جن پھنگ کی دانشمندانہ اور دور اندیش قیادت میں چین مختلف شعبوں میں نئی متاثر کن کامیابیاں حاصل کرے گا۔ سربیا ایک چین کے اصول اور “ایک ملک، دو نظام” کے اصول کی ثابت قدمی کے ساتھ حمایت کرتا ہے اور سربیا کے لوگ شی جن پھنگ اور چینی عوام جیسے سچے دوستوں پر فخر کرتے ہیں.
انہوں نے سربیا اور چین کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری اور دونوں عوام کے درمیان فولادی دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے لئے شی جن پھنگ کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔