عمان(عکس آن لائن)اردن کے شاہ عبداللہ نے غزہ پر کسی بھی قسم کے یا جزوی قبضے کے اسرائیلی منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے اسرائیل کا غزہ میں سکیورٹی زون بنانے کا منصوبہ بھی قابل قبول نہیں ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شاہ عبداللہ نے ایک بیان میں کہاکہ مسئلے کی جڑ فلسطینیوں کو ان کے جائز اور قانونی حق سے اسرائیل کا انکار ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ مسئلے کی جڑ فلسطنیوں کے حق سے اسرائیلی انکار ہے۔
جبکہ مسئلے کا حل فلسطینیوں کو ان کا حق دینے سے ہی شروع ہوتا ہے، اس کے علاوہ ہر راستہ تشدد اور تباہی کا راستہ ہے۔ مغربی کنارے کی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے شاہ عبداللہ نے کہاکہ ایک عرصے سے میں نے اسرائیل کے مغربی کنارے میں تشدد سے خبردار کیا ہے کہ اس کی سرحد ہمارے ساتھ لگتی ہے، یہودی آباد کار فلسطینی شہریوں پر حملے کرتے ہیں ،
یہ یہودی حملے پورے علاقے کو ایک کھائی میں گرا سکتے ہیں۔شاہ عبداللہ نے مزید کہاکہ اردن فلسطینی پناہ گزینوں کی ایک بڑی تعداد کا گھر ہے، انہیں خوف ہے مغربی کنارے سے بھی فلسطینیوں کو نکالا جا سکتا ہے۔ جہاں یہودی آباد کاروں نے فلسطینیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر رکھی ہیں۔