کراچی (عکس آن لائن) معروف اداکارہ جویریہ سعود کا کہنا ہے کہ عورت مارچ کا کوئی فائدہ اب تک نہیں دیکھا۔ حال ہی میں دیے گئے انٹرویو کے دوران جویریہ سعود نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر نکالے جانے والے مارچ پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ بینرز اٹھانے اور نعرے لگانے سے مسائل حل نہیں ہوتے، اگر آپ واقعی مظلوم خواتین کی مدد کرنا چاہتے ہیں تو مظالم کو بند کریں۔ اداکارہ کا کہنا تھا مظلوم خواتین کے لیے نعرے لگانے کے بجائے ان کے مسائل کا پرامن حل تلاش کریں کیوں کہ مارچ میں جتنی خواتین شامل ہیں وہ خواتین تعلیم یافتہ ہیں۔
جویریہ سعود کے مطابق یہ خواتین اگر چہ مظلوم خواتین کے لیے آواز اٹھاتی ہیں جو کہ اچھی بات ہے لیکن اس آواز کا اب تک میں نے کوئی فائدہ ملتے نہیں دیکھا، مارچ میں شامل کسی بھی خاتون کو مظلوم خواتین کی مدد کرتے نہیں دیکھا، اگر ان خواتین کے نعرے ان کی مدد کرسکتے ہیں تو میں ان کے ساتھ ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ مظلومیت کا مطلب ہے ایک عورت پر واقعی ظلم کیا جارہا ہو،کیوں کہ بہت سی خواتین اپنا گھر اور مستقبل اپنے مفاد کیلئے ختم کرچکی ہیں، ایک شادی شدہ عورت کے لیے پہلی ترجیح اس کا خاندان اور اس کی اولاد ہے بعد میں اس کا کیرئیر اور مستقبل آتا ہے۔