لاہور (عکس آن لائن ) وزیرِاطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ عوام کے بھرپور تعاون سے ہی کورونا کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب نے لاک ڈاون میں غریب عوام کی سہولت کو مدِنظر رکھا ہے،
یہی وجہ ہے کہ گلی محلوں میں پھیری لگانے والے پھل و سبزی فروش اور ریڑھی بان لاک ڈاون سے مستثنیٰ ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ لاک ڈاون میں ہر طبقہ اور کاروبار کو عوامی ضرورت کے مطابق کھولنے کی اجازت دی گئی ہے،بیکریز، کریانہ اسٹور، ڈیپارٹمنٹل اسٹور، سپر مارکیٹس صبح نو سے شام پانچ بجے تک کھلی ہیں جبکہ بیج، کھاد، فرٹیلائزرز اور آٹو ورکشاپس بھی صبح نو سے شام پانچ بجے تک کھلی رہیں گی۔فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب بھر میں اسپیئر پارٹس، ورکشاپس، پیٹرول پمپس شام آٹھ بجے کے بعد بھی کھلے رہیں گی
اسی طرح فارمیسیز، پھل و سبزی کی دکانیں بھی شام آٹھ بجے کے بعد بھی کھلی رہیں گی،ساتھ ہی آٹا چکیوں، پوسٹل سروسز، تمام طبی سہولیات کو بھی شام آٹھ بجے کے بعد کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ رمضان المبارک میں تندوروں اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو بھی شام 8بجے کے بعد کھلا رہنے کی اجازت دی گئی ہے۔اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عوام کو موجودہ کاروباری اوقاتِ کار کے دوران سماجی دوری کے ضابطوں کا خیال رکھنا چاہیئے کیونکہ عوام کے بھرپور تعاون سے ہی کورونا کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔