مریم اورنگزیب

عوام کو خوشخبری دینا چاہے ہیں ان نالائقوں، نااہلوں کے جانے کا وقت آ چکا ہے’مریم اورنگزیب

لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے شہباز شریف کے بغض میں ہر ادارے کو استعمال کیا ،نیب کے چیئرمین اور ایف آئی اے کے سربراہ عمران خان کے ذاتی ملازم بننا بند کریں ،شہباز شریف صرف چوہدری شجاعت کی عیادت کے لئے گئے تھے وہاں پر اس کے علاوہ کوئی گفتگو نہیں ہوئی،پاک سرزمین صحافیوں پر تنگ کیوں ہو رہی ہے، ریاست کی طاقت کو صحافیوں کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے، صاف پانی کیس میں نامزد افراد بری ہوگئے، شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ کیس میں گرفتار کیا، شہزاد اکبر دستاویزات پر گول دائرے لگا کر تضحیک کرتے تھے، آج وہ شہزاد اکبر کہاں ہیں ، شہباز شریف کیخلاف کاغذ لہرانے والے کہاں ہیں ؟۔

عدالت کے باہر دیگر رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگ نے کہا کہ عمران خان کے حکم پر مافیا بھتہ خوری کر رہا ہے، پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے ، جھوٹے بہروپیے اور ٹائوٹ ملک پر مسلط ہیں،اب حکمرانوں کے گھر جانے کا وقت قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں صحافی اطہر متین کا قتل انتہائی افسوسناک ہے جس کی مذمت کرتے ہیں،اس واقعے کی تحقیقات ہونی چاہئیں،امید ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی سندھ میں اس کی مکمل تحقیقات کر کے اسے منطقی انجام تک پہنچائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان احتساب کا ڈرامہ کر رہے ہیں ،ڈیلی میل کی سٹوری بھی عمران خان نے چلوائی ،عمران خان اتنا زور اپوزیشن کی بجائے عوام کی بہتری پر لگاتے تو حالات کچھ اور ہوتے ۔

انہوں نے کہا کہ صاف پانی کیس میں قمر الاسلام کو الیکشن نہیں لڑنے دیا گیا ،انہوں نے نواز شریف کے حسد میں عوام سے دشمنی کی ،شہباز شریف ہر عدالت میں سرخرو ہوئے ،لندن کی عدالت سے حکومت نے خود کیس خود واپس لیا ،ہر الزام کے مجرم عمران خان خود ہیں ،آپ کی اپنی بس خیبر پختوانخواہ میں نہیں چلتی اور ان کا بس بھی نہیں چلتا ،اب ان کے جانے کا وقت آ چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں نیب اور ایف آئی آر کا حال کیا ہو رہا ہے ،آج یہ اسحاق ڈار کا زنگ آلود بیان کیوں لے آئے ہیں،اگر اتنا بڑا انکشاف تھا تو اتنے زیادہ کیسز کیوں شروع کئے ،این سی اے نے 2 سال میں مکمل تحقیقات کیں اور اپنا کیس لندن کی عدالت سے واپس لیا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ ریاست کی طاقت کو کبھی صحافیوں اور کبھی عوام کیخلاف استعمال کرتے ہیں ،ایف آئی اے والے عمران خان کے ذاتی ملازم نہ بنیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کہتے ہیں کہ پچھلے ادوار میں کوئی کام نہیں ہوا لیکن آج تک نواز شریف اور شہباز شریف کے منصوبوں پر تختیاں لگا رہے ہیں۔ انہوں نے ترک اور چینی منصوبوں کو متنازعہ بنایا ،آپ نے الزام لگائے تو ان کا ثبوت دو ،عمران خان اپنے فرنٹ مین اور ٹائوٹوں کے ذریعے پیسہ کھاتے ہیں ،نیب کے چیئرمین اور ایف آئی اے کے سربراہ عمران خان کے ذاتی ملازم بننا بند کریں ،آپ غنڈہ اور بھتہ خور وزیراعظم ہیں آپ میں ہمت ہے تو اپنے الزامات ثابت کریں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو خوشخبری دینا چاہتی ہوں کہ ان نالائقوں، نااہلوں کے جانے کا وقت آ چکا ہے ،ہم انہیں جیلوں میں بھیج کر عوامی خواہشات کے مطابق سزا دیں گے۔

انہوں نے حکومت نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے ،عوام بس اب تھوڑے دن صبر کر لیں،عمران خان کے اتحادی تو ایک طرف ان کے اپنے لوگ اپنے حلقوں میں نہیں جا سکتے ۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کرنے گئے تھے اس کے علاوہ کوئی گفتگو نہیں ہوئی ،ہم ہر بات عوام کے سامنے کریں گے،ان کا جانا عوام کا حق ہے ہر چیز کا وقت مقرر ہے ان کی تقاریر اس بات کی گواہی ہیں کہ ان کے جانے کا وقت قریب ہے ،ساڑھے 3 سالوں سے کچھ نہیں نکل سکا تو ان کا نیب اور ایف آئی اے مزید کیا نکال سکیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں