لاہور(نمائندہ عکس)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے کہا ہے کہ عوام کو انصاف کی فراہمی سب سے بڑی عبادت ہے ،بار اور بنچ اس میں مثالی کردار ادا کررہے ہیں ۔فیروزوالہ بار کے صدر چوہدری شہباز جٹھول ،جنرل سیکرٹری چوہدری اورنگزیب ریحان کے ہمراہ تین تحصیلوں مریدکے ،فیروزوالہ اور شرقپور کی مشترکہ فیروزوالہ بار کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے اور اس کی تعمیرو ترقی میں وکلا ء برادری کا نام ہمیشہ سنہری حروف سے لکھا جاتا رہے گا ،بانی پاکستان محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ اور مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال رحمتہ اللہ علیہ بھی وکیل تھے ،آج بھی وکلا ء کا کردار سب سے اہم ہے
جب بھی ارض وطن پر کوئی وقت بنا تو وکلا ء ہی میدان عمل میں آئے ،کسی بھی ریاست معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد انصاف سے شروع ہوتی ہے ،ہمیں قرآن و حدیث پر عمل پیرا ہوکر انصاف کے تقاضے پورا کرنے میں کوئی پریشانی نہیں ہونے دینی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ فیروزوالہ بار کا دو ہزار سے زائد وکلا کا دن رات عوام کو انصاف کی فراہمی کیلئے کوشش کرنا خوش آئند بات ہے ،نیا جوڈیشل کمپلیکس جوکہ 80کنال سے زائد رقبہ پر محیط ہے اس میں تیس سے زائد عدالتیں ،وکلا برادری کے دو ہزار کے قریب چیمبرز ،رہائشیں بنیں گی ،یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ کمپلیکس ثابت ہوگا اور عوام کو انصاف کی فراہمی کا مثالی مرکز ہوگا ۔