لاہور (عکس آن لائن) معروف اداکار عمران عباس نے اداکارہ سعدیہ خان کے ہمراہ ایک بار پھر سکرین پر آنے کی خبر مداحوں کو سنا دی۔تفصیلات کیمطابق عمران عباس نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی ساتھی اداکارہ سعدیہ خان کے ہمراہ لی گئیں چند تصاویر پوسٹ کی ہیں، ان تصاویر میں ڈرامہ انڈسٹری کی اس مقبول ترین جوڑی کو قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
اداکار نیاپنی پوسٹ میں اپنے مداحوں کو بڑی خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ ”ہم بہت جلد دوبارہ یہاں واپس آرہے ہیں”۔اس پوسٹ پر عمران عباس اور سعدیہ خان کے مداحوں کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ جاری ہے، مداحوں کا کہنا ہے کہ وہ اس جوڑی کو ڈرامہ سیریز ”خدا اور محبت” کے سیزن 4 میں ایک ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ ر ائٹر ہاشم ندیم کے مشہور ناول ‘خدا اور محبت’ پر مبنی ڈرامہ 2011ء میں نشر کیا گیا تھا جس میں عمران عباس اور سعدیہ خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔بہترین کہانی کی وجہ سے ڈرامے نے خوب پذیرائی حاصل کی تھی ،تاہم عوامی خواہشات کے پیش نظر 5 سال بعد یعنی 2016ء میں اس ڈرامے کو ایک بار پھر منفرد انداز کے ساتھ پیش کیا گیا تھا۔