اسلام آباد (عکس آن لائن):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر بہار 2023کے دوسرے مرحلے میں پیش کئے گئے ایسوسی ایٹ ڈگری اِن آرٹس(بی اے/بی کام)، ایسوسی ایٹ ڈگری اِن بزنس ایڈمنسٹریشن( اسلامک بنکنگ، ہیومن ریسورس مینجمنٹ اور مارکیٹنگ)،بی ایس(او ڈی ایل پروگرامز)، بی بی اے، ڈیڑھ، اڑھائی اور چار سالہ بی ایڈ پروگرامزاور پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگراموں میں داخلہ حاصل کرنے کے لئے نئے طلبہ کے لئے داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 4مئی ہے۔تمام پروگرامز کے داخلہ فارم اور پراسپیکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pkپر دستیاب ہیں۔
داخلے کے خواہشمند طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ لیٹ فیس سے بچنے کے لئے 4مئی کی شام تک آن لائن اپلائی کرکے داخلہ فیس جمع کرائیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے شعبہ داخلہ کے ڈائریکٹر کی سفارشات پر اِن پروگراموں میں پہلے سے داخل(جاری طلبہ)کو 11مئی تک بغیر لیٹ فیس چارجز کے انرولمنٹ کی اجاز ت دے دی ہے۔علاوہ ازیں یونیورسٹی نے میٹرک اور ایف اے پروگرامزکے داخلوں کا عمل اور ٹیوٹرز کی تعیناتی کا کام مکمل کرلیا ہے، داخل طلبہ کو کتب ارسال کی جاچکی ہیں۔
اِن پروگراموں میں رجسٹرڈ طلبہ کو ہوم اسائنمنٹ جاری کردہ شیڈول کے مطابق تیار کرکے متعلقہ ٹیوٹرز کو بروقت ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ مقررہ تاریخوں کے بعد موصول ہونے والی مشق/مشقیں تاخیر شدہ تصور کی جائیں گی اور قابل قبول نہیں ہو ں گی جس کے ذمہ دار طلبہ ہوں گے۔