کراچی(عکس آن لائن ) بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عوامی حقوق اور ان کے مینڈیٹ کے لیے تب تک لڑوں گا جب تک عوام کی ساختی عدم مساوات سے جان چھوٹ نہیں جاتی۔پی پی چیئرمین نے خصوصی پیغام میں کہا کہ ہم دستور پسندی اور جمہوریت کے بنیادی نظریات پر کاربند رہیں گے، یومِ تاسیس آج مظفر آباد میں منانے کا فیصلہ کیا ہے کیوں کہ کشمیر ہماری پارٹی کے بنیادی معاملات میں سے ایک ہے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرتے رہیں گے۔
انھوں نے کہا کہ شہید بھٹو پس ماندہ طبقات کو طاقت ور بنانے کے لیے ان کے ساتھ شانہ بشانہ رہے اور زندگی کی آخری سانس تک لڑتے رہے، انھوں نے پاکستان کو پہلا متفقہ دستور دیا، ایک ایسی دستاویز جو آج بھی ہمارے وفاق کی بنیاد ہے، متفقہ دستور ایک ایسا جمہوری اقدام ہے جسے کوئی آمر بھی ختم نہ کر سکا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بھٹو اور پی پی پی جوہری پروگرام کے معمار ہیں، پاکستان اور اس کی خود مختاری بیرونی خطرات سے محفوظ ہیں، کارکنان ہماری شہید قیادت کے مشن کی تکمیل تک سکھ کا سانس نہیں لیں گے، یہ پی پی پی حکومت تھی جس نے اسٹیل ملز، پورٹ قاسم، ہیوی ٹیکنیکل کمپلیکس سمیت بدین سے باجوڑ تک صنعت سازی کو فروغ دیا۔