کراچی(عکس آن لائن) سندھ ہائی کورٹ نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔سندھ ہائی کورٹ میں بلاول بھٹو زرداری کو سکیورٹی فراہم کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔سندھ ہائی کورٹ نے محکمہ داخلہ سندھ اور سیکرٹری وزارت داخلہ کو بلاول بھٹو زرداری کی سیکیورٹی کے انتظامات کا حکم دے دیا۔
عدالت نے بلاول بھٹو زرداری کو ذاتی سیکیورٹی گارڈ اور کالے شیشے والی گاڑی استعمال کرنے کی بھی اجازت دے دی۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ رپورٹس سے لگتا ہے بلاول بھٹو کی جان کو خطرات لاحق ہیں۔ اس لیے ایسی صورتحال میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جا سکتی۔
ہماری نظر میں بلاول بھٹو کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنا بہت ضروری ہے۔ جس کے بعد عدالت نے بلاول بھٹو کی سکیورٹی سے متعلق درخواست نمٹا دی۔