لاہور(عکس آن لائن ) سری لنکن اوپننگ بیٹسمین دنوشکا گوناتھیلاکا نے واضح کیا ہے کہ آئی لینڈرز کو سیکنڈ سٹرنگ ٹیم کہنا درست نہیں کیونکہ اس نے عالمی نمبر ایک ٹیم پاکستان کیخلاف وائٹ واش کامیابی یقینی بنائی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آنے والی ٹیم سیکنڈ الیون نہیں تھی بلکہ اس میں کچھ اہم کھلاڑی شامل نہیں ہوسکے۔دنوشکا گوناتھیلاکا کے مطابق کوسال پریرا انجری سے دوچار تھے جبکہ انجیلو میتھیوز کو گزشتہ ٹی ٹونٹی سکواڈ میں بھی جگہ نہیں ملی تھی اور اگر ٹی ٹونٹی ٹیم کی بات کی جائے تو صرف لاستھ مالنگا اور نروشن ڈکویلا پاکستان نہیں آسکے اور اس اعتبار سے اسے ’’بی‘‘ٹیم کہنا کسی طرح بھی درست نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے انہیں مکمل آزادی دی اور پچیس سے تیس کھلاڑیوں کو یکجا کر کے پوچھا گیا کہ کیا وہ دورے پر جانا چاہتے ہیں جنہوں نے کسی دباؤ کے بغیر اقرار یا انکار کیا اور سب سے اہم بات یہ تھی کہ ان کے فیصلے کا احترام کیا گیا۔
پاک سری لنکا سیریز کے ٹاپ سکورر نے کہا کہ دورہ پاکستان سے سری لنکا کا نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے۔وہ پاکستان میں مہمان نوازی پر خوش ہیں تا ہم پانچ روزہ ٹیسٹ کھیلنا مشکل ہوگا کیونکہ ایک کھلاڑی پانچ دن بغیر کسی آزادی کے ہوٹل سے گراؤنڈ اور پھر گراؤنڈ سے ہوٹل کرکٹرز کو بور کر دے گا۔