لاہور (عکس آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اس امر پر دکھ کے ساتھ ساتھ سخت حیرت کا اظہار کیا ہے کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں کے باوجودکشمیریوں کو حق خودارادیت دینے اور مسئلہ کشمیر کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ۔اب صورتحال اس نہج پر پہنچ چکی ہے جو خدانخواستہ پورے خطے کو آگ کی لپیٹ میں لے سکتی ہے ۔
دنیا کو یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ کشمیر چار ایٹمی طاقتوں کے درمیان میں واقع ہے ۔ اگر دو ایٹمی قوتوں کے درمیان جنگ کی آگ بھڑک اٹھی تو پھریہ آگ کسی ایک خطے تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پوری دنیا میں پھیل جائے گی۔مسئلہ کشمیر عالمی امن کے لئے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے ۔ اقوام متحدہ عالمی قوانین اورکشمیر کے حوالے سے قراردادوں پر عملدرآمد نہ کرنے پربھارت کے خلاف پابندیاں عائد کرے۔ عالمی برادری بھارت میں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اوربھارت کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے ۔ ریڈ کراس اور انسانی حقوق کے دیگر اداروں اور تنظیموں کو کشمیر بھجوایا جائے تاکہ ہزاروں کشمیریوں کو موت کے منہ میں جانے سے بچایا جاسکے ۔ جماعت اسلامی 15ستمبر کو کوئٹہ میں کشمیر یوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کشمیر بچاؤ مارچ کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مودی حکومت نے کشمیریوں پر بدترین مظالم کی انتہا کردی ہے۔ کشمیریوں کو آزادی کے مطالبے سے روکنے کیلئے ظلم و جبر کاہر ہتھکنڈا آزمایا جارہا ہے ۔
بچیوں کو اغواء کرنااورنوجوانوں کو گھروں سے اٹھا کر غائب کردینا بھارتی فوج کا معمول بن چکا ہے ۔کشمیر میں ہونے والے انسانیت سوز مظالم سے دنیااب تک بے خبر ہے ،وادی کی الم ناک صورتحال کو کسی کیمرے کی آنکھ دکھا رہی ہے نہ میڈیا کے کسی فرد کو وادی میں جانے کی اجازت ہے ۔بیمار وں کو دوا مل رہی ہے نہ انہیں ہسپتالوں میں لے جانے کی اجازت ہے ،لوگ گھروں میں دم توڑ رہے ہیں اور انہیں گھروں میں ہی دفنایا جارہا ہے ۔انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ کرفیو ختم کرانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی اپنی ہی قراردادوں پر عمل درآمد کروانے میں ناکامی اس خطرے کی نشاندہی کرتی ہے کہ یہ عالمی فورم اپنی رہی سہی ساکھ بھی برقرار نہیں رکھ سکے گا۔سینیٹر سراج الحق نے ایک بار پھر حکومت سے مطالبہ کیا کہ بھارت کے ساتھ کشمیر پر تمام معاہدوں کو فوری ختم کیا جائے ،ایل او سی پرلگی باڑ کو گرایا جائے ۔آزاد کشمیر کی اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو نمائندگی دی جائے اور اقوام متحدہ سے باضابطہ مطالبہ کیا جائے کہ کشمیر میں امن فوج تعینات کرے تاکہ بھارتی فوج اور آرایس ایس کے قاتلوں کے ہاتھوں کشمیر یوں کے قتل عام کو روکا جاسکے ۔