قاہرہ ( عکس آن لائن ) مصر کی تاریخی دانش گاہ جامعہ الازہر کے سربراہ ڈاکٹراحمد الطیب نے عالمی برادری سے مسلم مخالف اقدامات اور کارروائیوں کو فوجداری جرم قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی دوبارہ تشہیر اور فرانسیسی صدر عمانوایل ماکروں کی جانب سے آزادیِ اظہار کے نام پر ان کی حمایت کے ردعمل میں یہ مطالبہ کیا ۔
انھوں نے کہا کہ جامعہ الازہر انتخابات میں ووٹروں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے مسلم مخالف جذبات ابھارنے کی مذمت کرتی ہے اور اس عمل کو مسترد کرتی ہے۔انھوں نے مسلمانوں پر بھی زور دیا کہ وہ منافرت انگیزی کا پرامن ذرائع سے جواب دیں۔ڈاکٹر احمدالطیب نے کہا:مسلمانوں کو اپنے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے اسو حسنہ کی پیروی کرتے ہوئے نفرت پر مبنی تقریرکا پرامن ، قانونی اور عقلی طریق سے جواب دینا چاہیے اوراپنے جائز قانونی حقوق حاصل کرنے چاہئیں۔