کراچی(عکس آن لائن)نامور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اورماورا حسین نے عاطف اسلم کی آواز میں پڑھی جانے والی حمد ’’وہی خدا ہے‘‘ کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حمد سن کر ان کے رونگھٹے کھڑے ہوگئے۔عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے کوک اسٹوڈیو سیزن 12 کاآغاز خوبصورت حمد ’’وہی خدا ہے‘‘ پڑھ کر کیا اور لوگوں سے خوب داد سمیٹی۔
تاہم عاطف اسلم کو سراہنے والوں میں صرف عام لوگ شامل نہیں ہیں بلکہ پاکستان شوبز انڈسٹری کے فنکاروں نے بھی عاطف اسلم کو حمد پڑھنے پر بے حد سراہا ہے۔اداکارہ ماہرہ خان نے عاطف اسلم کی تعریف کرتے ہوئے نہایت جذباتی انداز میں لکھا عاطف اسلم اور روہیل حیات کی کاوش نے ان کے رونگھٹے کھڑے کردئیے اور عاطف اسلم کی آواز میں حمد سن کر ان کے آنسو نکل آئے۔ماہرہ خان کے علاوہ ماورا حسین نے بھی عاطف اسلم کو سراہتے ہوئے لکھا ماشا اللہ عاطف اسلم کو خدا نے بے پناہ خوبصورت آواز سے نوازا ہے۔ ’’وہی خداہے‘‘ بچپن سے میری پسندیدہ حمد ہے جسے عاطف اسلم نے امیدوں سے بڑھ کر خوبصورت انداز میں پڑھا ہے۔ماورہ حسین نے بھی حمد سن کر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حمد سن کر ان کی آنکھیں بھیگ گئیں۔