مرتضی وہاب

ضرورت پڑی تو ذخیرہ اندوزوں کا تمام سامان غریبوں میں تقسیم کردیں گے،مرتضی وہاب

کراچی(آئی این پی)سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سینی ٹائزرز اور اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی انتہائی غلط ہے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے، سختی کرنی پڑی تو ذخیرہ اندوزوں کا تمام سامان غریبوں میں تقسیم کر سکتے ہیں۔

منگل کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے کرونا وائرس کے خلاف بر وقت اقدام شروع کیے، صوبہ سندھ میں کرونا کے متاثرہ افراد کی تعداد 146ہے۔مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ مسئلہ کسی ایک شہر کا نہیں ہے یہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے، جو بھی فیصلہ ہو وہ ایسا ہو کہ پورے ملک میں نافذ کیا جا سکے۔ شہریوں کو اپنے طور پر بھی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، شہریوں سے گزارش ہے کہ ذمے داری کا مظاہرہ کریں۔

پرسکون رہ کر ہی ہم اس وائرس سے مثر انداز میں نمٹ سکتے ہیں، کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل ہمیں روز کمانے والوں کو نظر میں رکھنا ہے۔ تمام طبقوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ہی ہم کوئی فیصلہ کر سکتے ہیں۔ سینی ٹائزرز اور اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی انتہائی غلط ہے، ہم نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔ سختی کرنی پڑی تو ذخیرہ اندوزوں کا تمام سامان غریبوں میں تقسیم کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ نے واضح کردیا ہے کہ پرچون کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز بند نہیں ہوں گے، صوبہ سندھ کے حوالے سے تفصیلات شہریوں سے شیئر کرتے رہیں گے، ہم سب کو وائرس کے خلاف متحد ہو کر کام کرنا ہے، متحد رہ کر ہی کرونا سے نمٹ سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں