لاہور (عکس آن لائن ) مسلم لیگ (ق)کے سربراہ چوہدری شجاعت نے کہا ہے کہ صرف عمران خان کو مہنگائی کا ذمہ دار ٹھہرانا زیادتی ہے ، بعض اندرونی و بیرونی عناصر بھی معاشی بحران کے ذمہ دار ہیں جو پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنے کے درپے ہیں، زراعت کے شعبے کو ٹارگٹ کرکے تمام چیزوں کو مہنگا کیا جا رہا ہے، پاکستان ایک زرعی ملک ہے، اس کی زراعت کو ٹارگٹ کرکے پورے ملک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں سربراہ (ق) لیگ نے کہا کہ صرف ٹماٹر ہی دیکھ لیں کہ کسان آڑھتی کو ٹماٹر 25 روپے کلو فروخت کرتا ہے،دوسرے دن وہی ٹماٹر مختلف ذرائع سے ہوتا ہوا بازار میں عوام کو 150 روپے کلو میں ملتا ہے جس کا دھچکا کسان کو پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پھر کہا جاتا ہے کہ کسان کو ہونے والے اس بھاری نقصان کا ذمہ دار صرف عمران خان ہے جو زیادتی ہے۔
چوہدری شجاعت نے کہا آج کل کھاد کے بحران کی وجہ سے گندم کے مہنگا ہونے کا شور ہے، کھاد کی کمی کی وجہ سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان سر اٹھائے کھڑا ہے ، اس مصنوعی مہنگائی کے ذمہ دار ذخیرہ اندوز بھی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ تمام ارکان اسمبلی اپنے اپنے علاقوں میں ذخیرہ اندوزوں کی نشاندہی کریں اور کھاد ریلیز کروائیں۔