واشنگٹن(عکس آن لائن)امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخاب میں اپنی فتح کا قبل از وقت اعلان کرتے ہوئے کئی ریاستوں میں تاحال جاری ووٹوں کی گنتی روکنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وائٹ ہاوس میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کئی ریاستوں کا نام لے کر کہا کہ وہاں ہم نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔
تاہم انہوں نے انتخابی نتائج پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اسے قوم کے لیے بڑا دھوکہ قرار دیا۔صدر ٹرمپ نے حامیوں سے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں ٹیکساس میں جیتنے کی ضرورت تھی جہاں ہم جیت گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اوہائیو اور مشی گن سے بھی جیت گئے ہیں۔ جارجیا، شمالی کیرولائنا اور پینسلوینیا میں بھی شاندار کارکرگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ صدر کا مزید کہنا تھا کہ وہ کامیابی کا جشن منانے کے لیے تیار ہیں۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تمام ووٹوں کی گنتی کو روک دیا جائے کیوں کہ اب مزید ووٹنگ نہیں بلکہ ووٹوں کی گنتی ہونا ہے۔