اسلام آباد (عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے چین کے قومی دن پرچین کے صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی کی چیانگ، حکومت اور عوام کو سترویں قومی دن پر مبارک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دن چئیرمین ماوزے تنگ سمیت عوامی انقلاب کے دیگر رہنماوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا آج کا دن چینی عوام کی عظیم جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،چین کے عوام اور قیادت نے انتہائی تدبر، محنت اور تسلسل سے اقوام عالم میں اپنا مقام حاصل کیا ،چین کی ترقی اور غربت سے نجات دنیا میں ایک مثال بن کر ابھری ہے ،مخلص اور بصیرت افروز قیادت میں چینی عوام نے محنت اور تسلسل سے سفر جاری رکھا،چین کی ترقی غریب اور ترقی پزیر عوام کے لئے ایک پیغام اور سبق ہے ،پاکستان اور چین دو عظیم اور بااعتماد دوست ہیں۔
انہوں نے کہا پاکستان اور چین کی دوستی دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ہے،پاکستان کے عوام چین کے عوام کو ان کے قومی دن پر خیرسگالی کا پیغام دیتے ہیں،پاکستان اور چین مل کر خطے اور دنیا میں تعمیر، ترقی، خوشحالی اور امن کا نیا باب لکھ سکتے ہیں،ہماری دعا ہے کہ چین اوراس کے عوام آنے والے ماہ وسال میں ترقی کی مزید منازل حاصل کریں،