لاہور (عکس آن لائن)انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبا ل چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے مسلم لیگ (ن) یا پیپلزپارٹی کی قیادت کی مرضی کے مطابق نہیں بلکہ آئین و قانون کے مطابق چلنا ہے ،(ن) اور پیپلز پارٹی کو من مانیوں کی عادت کو ترک کرنا ہوگا ،
حکومت کو سیاسی انتقام کا طعنہ دینے والوں کی کرپشن کی منی ٹریل پوری قوم کے سامنے آ چکی ہے ،پاکستان نے خارجہ محاذ پر بڑی کامیابیاں سمیٹی ہیں اور ان کے دورس نتائج مرتب ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 127کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاست جس نہج پر پہنچ چکی ہے اس لئے سب اپوزیشن جماعتوںکو ایک دوسرے کے کاندھے کی ضرورت ہے ۔عوام ملک کی کشتی کو منجدھار سے نکالنے کےلئے حکومت کا ساتھ دینے کےلئے پر عزم ہیں اسی لئے اپوزیشن کی راتوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں اور معیشت کے حوالے سے بے پرکی اڑائی جارہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ترجمان اپنی کرپٹ قیادت کی لوٹ مار کا جواب دینے کی بجائے الٹا عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں، شہباز شریف فیملی کاکیٹل فارم در حقیقت کرپشن فارم تھا جس کے تمام ثبوت منظر عام پر آ چکے ہیں۔
جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کی وباءسے نمٹنے کےلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی اور انشااللہ ہم ایک قوم بن کر اس مشکل وقت کا مقابلہ کریں گے۔