اسد عمر

شوہر کے نادہندہ ہونے پر بیوی کو قرض دینے سے انکا ر امتیازی سلوک ہے ،اسد عمر

فیصل آباد(عکس آن لائن)منصوبہ بندی ، ڈویلپمنٹ ، ریفارمز اور سپیشل انیشیٹوز کے وفاقی وزیر اسد عمر نے یقین دلایا ہے کہ حکومت خواتین کو زندگی کے ہر شعبہ میں ان کا بنیادی حصہ دینے کیلئے اعلیٰ سطح پر کوشاں ہے جبکہ خواتین چیمبرز کو اس حوالے سے پالیسی سازی میں بھی شامل کیا جائے گا۔ وہ اسلام آباد چیمبر کے زیر اہتمام چیمبرز پریزیڈنٹس کنکلیو کے دوران فیصل آبا د وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی صدر محترمہ قراۃ العین سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیاں خواتین دوست ہیں تاہم معاشرتی مسائل کی وجہ سے خواتین اپنا متحرک اور فعال کردار ادا کرنے سے از خود گریزاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس صورتحال کو بدلنے کیلئے ہرسطح پر بھر پور کوشش کر رہی ہے تاہم ترقی پسند اور روشن خیال خواتین کو بھی اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ محترمہ قراۃ العین نے سی پیک کے تحت فیصل آباد میں بننے والے سپیشل اکنامک زون کا ذکر کیا اور کہا کہ ایسی منصوبہ بندی کی جائے جس کے تحت یہاں لگنے والے کارخانوں میں خواتین کیلئے زیادہ سے زیادہ نوکریاں پیدا کی جا سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ 51فیصد آبادی کو ترقی کے مرکزی دھارے سے الگ کر کے پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ اس لئے خواتین کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو شبر زیدی سے بھی ملاقا ت کی اور انہیں کاروباری خواتین کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے شوہر کے نادہندہ ہونے پر بیوی کو قرض دینے سے انکا ر کو امتیازی سلوک قرار دیا اور کہا کہ ایسی پالیسیوں پر فوری نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ شبر زیدی نے کہا کہ ایف بی آر کی سطح پر خواتین کے مسائل کو فوری حل کیا جائے گا۔ انہوں نے فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے پلیٹ فار م پر آگاہی سیشن منعقد کرانے کا بھی یقین دلایا اور کہا کہ وہ خود اس اجلاس میں شریک ہوں گے تاکہ خواتین کی مشاورت سے پالیسیاں بنائی جا سکیں۔ مزید برآں کاروباری خواتین کو ٹیکسوں کے حوالے سے بھی دی جانے والی سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں