جنید خان

شاہین شاہ آفریدی اور آل راؤنڈر شاداب خان کو انگلش لیگ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کھیلنے نہیں جانا چاہیے تھا،جنید خان

لاہور (عکس آن لائن)پاکستانی بولر جنید خان نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور آل راؤنڈر شاداب خان کو انگلش لیگ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کھیلنے نہیں جانا چاہیے تھا۔ایک انٹرویو میں جنید خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کو زیادہ احتیاط سے ہینڈل کرنا چاہیے کیونکہ یہ ورلڈکپ کا سال ہے اور اس وقت انہیں ٹاپ کنڈیشن میں ہونا چاہیے۔

جنید خان نے کہا میری رائے میں یہ بہتر ہوتا اگر بورڈ شاہین کو ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کھیلنے کی اجازت نہ دیتا اور انہیں اپنی فٹنس پر کام کرنے اور کچھ آرام کرنے کا مشورہ دیتا کیونکہ ورلڈ کپ قریب ہے اور آگے مزید سیریز ہیں، ہمیں اس کی ضرورت ہے۔قومی کرکٹر نے کہا کہ لیگ میں شاہین کی ضرورت نہیں ہے، وہ پاکستانی ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی ہے، شاہین آفریدی پی سی بی کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں کھیل رہے ہیں، وہ حال ہی میں انجری سے واپس آئے ہیں اور آپ نے دیکھا ہوگا کہ اس نے اب تک صرف دو میچ کھیلے ہیں اور دونوں ہی میچوں میں جدوجہد کی ہے۔

شاداب خان کے حوالے سے جنید نے کہا کہ ان کو پہلے ہی فٹنس کے کچھ مسائل ہیں، اور انہیں لیگ میں کھیلنے کی اجازت بھی دی گئی ہے، میری رائے میں پی سی بی کو ان چیزوں پر سوچنا چاہیے تاہم جنید کے مطابق انگلینڈ میں لیگ کرکٹ لیگ اسپنر اسامہ میر اور تیز گیند باز زمان خان جیسے نوجوانوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں