اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ازبکستان کے وزیر خارجہ عبدالعزیز کمیلوف کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا ، دوران گفتگو دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور ازبکستان کے مابین گہرے برادرانہ مراسم ہیں۔
انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک کی قیادت پاکستان اور ازبکستان کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے ۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کرونا وبا کے دوران، ازبکستان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا خصوصی خیال رکھنے پر اپنے ازبک ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا افتتاحی دور اسلام آباد میں جلد منعقد ہوگا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کوششیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ازبکستان کو دی گئی دورہ پاکستان کی دعوت کو دہرایا ۔
ازبک وزیر خارجہ نے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، وبائی صورتحال میں بہتری کے بعد دورہ پاکستان پر آمادگی کا اظہار کیا ۔دونوں وزراخارجہ نے اہم دوطرفہ و اہم علاقائی امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا