ریاض(عکس آن لائن)خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کویتی ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کوپیغام ارسال کیے ہیں۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد بن عبدالعزیز نے ہمراہ وفد امیر کویت سے ملاقات کرکے انہیں شاہی مکتوب پیش کیا۔ شاہ سلمان اور ولی عہد کی جانب سے خیر سگالی کا زبانی پیغام بھی پہنچایا گیا۔ امیر کویت نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے خیر سگالی کے پیغامات دیئے ہیں۔ اس موقع پر امیر کویت اور شہزادہ ترکی بن محمد نے سعودی عرب اور کویت کے منفرد دو طرفہ تعلقات اور انہیں فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
کویت میں متعین سعودی سفیر شہزادہ سلطان بن سعد اور کویت کے وزیر امور ایوان امیری شیخ علی جراح الصباح، نائب وزیر امور ایوان امیری شیخ محمد عبداللہ المبارک الصباح اور امیر کویت کے دفتر کے مینجر ڈاکٹر احمد فہد الفہد بھی اس موقع پر موجود تھے۔دوسری جانب کویتی ولی عہد شیخ مشعل کو شہزادہ ترکی بن محمد نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا زبانی پیغام اور شاہ سلمان کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔ کویتی ولی عہد نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے خیر سگالی کے پیغامات ان کے حوالے کیے۔اس موقع پر کویت اور سعودی عرب کے منفرد تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں پر برادرانہ ماحول میں تبادلہ خیال کیا گیا۔