ممبئی(عکس آن لائن) بالی ووڈ کے میگا اسٹار شاہ رخ خان کی 2023 کی تیسری فلم ‘ڈنکی’ اوپننگ ڈے کی کمائی کے بعد اداکار کی دیگر دو بلاک بسٹر فلموں ‘جوان’ اور ‘پٹھان’ سے پیچھے رہ گئی۔
شاہ رخ خان کے لیے سال 2023 کیریئر کا بہترین ترین سال ثابت ہوا، میگا اسٹار کی دو فلمیں ‘پٹھان’ اور ‘جوان’ بلاک بسٹر ثابت ہوئیں جس کے بعد گزشتہ روز 21 دسمبر کو اْن کی تیسری فلم ‘ڈنکی’ بھی ریلیز ہوگئی ہے۔’ڈنکی’ کی ریلیز سے قبل کہا جارہا تھا کہ یہ فلم بھی شاہ رخ خان کی دیگر دو سْپر ہٹ فلموں ‘جوان’ اور ‘پٹھان’ کی طرح باکس آفس پر چھا جائے گی لیکن ‘ڈنکی’کے پہلے دن کی کمائی نے شاہ رخ خان اور اْن کے مداحوں کی اْمیدوں پر پانی پھیر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ‘ڈنکی’ نے ریلیز کے پہلے دن 30 کروڑ روپے کا بزنس کیا، ‘ڈنکی’ سے قبل شاہ رخ خان کی دیگر دو فلمیں ریلیز ہوئی تھیں، ان کی فلم ‘پٹھان’ نے پہلے دن 57 کروڑ روپے کمائے تھے جبکہ ‘ جوان’ نے ریلیز کے پہلے دن 89.5 کروڑ کا بزنس کیا تھا۔ان دونوں فلموں کے اوپننگ ڈے کے مقابلے میں ‘ڈنکی’ شاہ رخ خان کی 2023 کی اوپننگ ڈے پر سب کم کمائی کرنے والی فلم ثابت ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ راج کمار ہیرانی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ‘ڈنکی’ کو شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ اس فلم میں شاہ رخ خان کے علاوہ تاپسی پنو، وکی کوشل اور بومن ایرانی سمیت دیگر اداکاروں نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔
فلم ‘ڈنکی’ کی کہانی چار دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو غیرقانونی طور پر بیرون ملک سفر کرتے ہیں، ‘ڈنکی’ محبت اور دوستی کی ایک ایسی کہانی ہے جسے جذباتی کہانی اور کامیڈی مناظر کے ساتھ لوگوں کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔