بسمہ معروف

سیریز میں شکست کا دکھ ہے، مستقبل میں بہتر پرفارمنس دکھائیں گے، بسمہ معروف

لاہور(عکس آن لائن )پاکستانی ویمنز ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف اچھی پرفارمنس نہیں دکھاسکے لیکن سیریز میں سامنے آنے والی غلطیوں کو دور کرکے مستقبل میں اچھی پرفارمنس دکھائیں گے۔ قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں نتائج اچھے نہ ہونے کے باوجود ہماری پرفارمنس بہتری کی جانب گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اس وقت نمبرٹو ٹیم ہے ان کے خلاف سیریز میں شکست کا دکھ ہے تاہم بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، ہم نے مثبت انداز میں سیریز کا اختتام کیا ہے۔قومی ویمن ٹیم کی کپتان نے کہا کہ ورلڈکپ سے قبل ہم نے آسٹریلیا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچز کھیلنا ہیں جن میں بہترین پرفارمنس دے کر میگا ایونٹ سے پہلے اعتماد بحال کرسکتے ہیں۔

انہوں نے دعوی کیا کہ ہماری کارکردگی میں بہتری آرہی ہے ورلڈکپ میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔ ویمن کپتان کے مطابق تجربہ کار کھلاڑی ثناء میر کی انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بہت کمی محسوس کی، ثنا میر کا وزڈن ٹیم میں منتخب ہونا پاکستان ویمن کرکٹ کے لئے اعزاز کی بات ہے۔کپتان کا کہنا تھا کہ فیلڈنگ میں بہتری آئی ہے مگر اہم مواقع پر غلطیاں ہورہی ہیں جن پر قابوپانا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں