لاہور ( عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو اب عوام کی امنگوں پر پورا اترنا ہوگا ،چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ نے حکومتی اتحاد میں رہتے ہوئے بھی عوام کو درپیش مشکلات کے حل اور ان کے حقوق کی بات کی اور آئندہ بھی اس سے گریز نہیں کریں گے ،
عام انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے اورایسے امیدوار سامنے لائیں گے جو اسمبلیوں میں پہنچ کر عوام کیلئے آواز بلند کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ گجرات کے موقع پر مختلف مقامات پر منعقدہ استقبالیہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے ۔
اس موقع پر مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری ندیم پہلوان اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ عوام کی خدمت ہماری قیادت کا طرہ امتیاز ہے ، عوام جس طرح عزت و احترام اور محبت سے نوازتے ہیں ہماری کوشش ہوتی ہے اس سے بڑھ کر اس کا جواب دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی قیادت نے مختلف مقامات پر اربوں روپے کے ترقیاتی منصوہے مکمل کرائے ہیں ، یہ کسی پر احسان نہیں بلکہ ہمارا فرض تھا اور ان شا اللہ آئندہ بھی عوام کومایوس نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین ، چوہدری محمد سرور اور دیگر قیادت حلقوں کے رہنمائوں اور اکابرین سے مشاورت کر کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے فیصلے کرے گی ، متفقہ طو رپر ایسے امیدوار میدان میں اتاریں گے جو کامیابی حاصل کریں گے ، کارکنان ہمارا سرمایہ ہیں ، کارکنان اپنے اپنے علاقوں میں سیاسی سر گرمیاں شروع کریں اور پاکستان مسلم لیگ کی قیادت کا پیغام عوام تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر انتخابات میںحصہ لیں گے اور ان شا اللہ کامیابی حاصل کریں گے۔