اسلام آباد/لاہور(عکس آن لائن)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ ہاتھ سے قالین بنانے کی انڈسٹری سے وابستہ ممبران کو دنیا میں بدلتے ہوئے رجحان سے روشناس کرایاجائے گا ، خطے کے حریف ملک کو مقابلے کی دوڑ میں پیچھے چھوڑنے کیلئے قالینوں کی روایتی تیاری کی بجائے نئے رنگوں اور ڈیزائن کیساتھ مصنوعات مارکیٹ لانے کیلئے رہنمائی دی جائے گی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے قالین بنانے کی صنعت سے وابستہ لوگوںکو اپنے طورپر بھی دنیا کے رجحان کا جائزہ لینا چاہیے اوراس حوالے سے آگاہ کیا جائے ۔ کوشش ہے کہ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں نئے ڈیزائن متعارف کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں بدلتے رجحان کے مطابق لوگوں کی پسند ، ڈیزائن او ررنگوں کے حوالے سے ریسرچ کے شعبے کے قیام کیلئے منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے اور اس کے لئے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بھی اس سلسلہ میں ہماری معاونت کرے اوراس حوالے سے ٹیکسٹائل اور آرٹسکے اداروں میں اسے نصاب کے طور پر شامل کیا جائے ۔
