اسلام آباد (عکس آن لائن)سوشل میڈیا کا استعمال نوجوانوں کی ذہنی صحت میں تیزی سے گراوٹ کا سبب بن رہا ہے، سوشل میڈیا کے بکثرت استعمال سے نوجوان طبقہ میں خوداعتمادی کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ میل آن لائن کی ایک رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا نے اگر فاصلے کم کیے ہیں تو سماجی فاصلے بڑھائے بھی ہیں، اگر اس کے کچھ فائدے ہیں تو نقصانات بھی ہیں۔ سوشل میڈیا نوجوانوں کی ذہنی صحت پر کس طریقے سے منفی اثرات مرتب کر رہا ہے؟ اس حوالے سے ذہنی صحت کے ماہرین نے ایک حالیہ تحقیق میں پریشان کن انکشافات کئے ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق ماہرین نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کا استعمال نوجوانوں کی ذہنی صحت میں تیزی سے گراوٹ کا سبب بن رہا ہے اور ان میں خوداعتمادی کو تباہ کر رہا ہے۔
سوشل میڈیا کا یہ منفی اثر سب سے زیادہ 14 سے17 سال عمر کی لڑکیوں پر پڑ رہا ہے اور وہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ماہرین نے 5 ہزار نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں پر کیے گئے اس تحقیقاتی سروے کے نتائج میں کہا ہے کہ “سوشل میڈیا کے استعمال کی وجہ سے لڑکیوں میں اپنی ظاہری شکل و صورت سے عدم اطمینان کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے”۔ 11سال کی لڑکیوں میں یہ شرح 15 فیصد اور 14 سال عمر کی لڑکیوں میں 29 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا 14 سے 17 سال عمر کی لڑکیوں میں خوداعتمادی کو بھی نقصان پہنچاتا ہے جبکہ لڑکوں میں یہ نقصان ٹین ایج کے بعد بھی جاری رہتا ہے۔ اس اعتبار سے سوشل میڈیا لڑکیوں کی نسبت لڑکوں کی خوداعتمادی کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔