اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر سب سے بڑا چیلنج جعلی خبریں ہیں، صحافیوں کو سوشل میڈیا پر تصدیق کے عمل کو اپنانا چاہیے۔
یہ بات انہوں نے برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونصلر مس زوئی ویئر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ مس زوئی ویئر نے مسلم لیگ (ن)کو حکومت کی تشکیل اور عطااللہ تارڑ کو وزارت اطلاعات کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، میڈیا کے شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مس انفارمیشن، ڈس انفارمیشن اور فیک نیوز پوری دنیا کا مسئلہ ہے اور اس پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر سب سے بڑا چیلنج جعلی خبریں ہیں، صحافیوں کو سوشل میڈیا پر تصدیق کے عمل کو اپنانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا سے متعلق پوری دنیا کو مل کر ضابطہ اخلاق تیار کرنا ہوگا۔ ملاقات میں فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ مس زوئی ویئر نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔