ریاض(عکس آن لائن) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے خارجہ اور ٹرانسپورٹ کے وزرا کو تبدیل کرکے بالترتیب فیصل بن فرحان السعود کو نیا وزیر خارجہ جب کہ انجینئر صالح بن نصر کو نیا وزیر ٹرانسپورٹ مقرر کر دیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے نے عرب میڈیا کے حوالے سے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے خارجہ اور ٹرانسپورٹ کے وزرا کو تبدیل کردیا۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے جاری شاہی حکم نامے کے تحت وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز الاصف سے وزارت خارجہ کا قلمدان واپس لے لیا گیا ہے جب کہ ان کی جگہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کو نیا وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے۔وزارت خارجہ کے منصب سے ہٹائے جانے والے ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز کو وزیر مملکت اور کابینہ کا رکن بنایا گیا ہے۔اس کے علاوہ سعودی ولی عہد نے وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر نبیل بن محمد المعودی سے بھی قلمدان واپس لے کر انجینئر صالح بن نصر کو نیا وزیر ٹرانسپورٹ مقرر کیا ہے۔