ریاض(عکس آن لائن)سعودی کمپنی آرامکو کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر امین حسن الناصر نے الاحسا میں معذور افراد کے لیے ایک بڑے مرکز کے قیام کا اعلان کردیا جو بین الاقوامی خصوصیات کے ساتھ معیاری تعلیمی، علاج اور طرز عمل کی خدمات فراہم کرتا اور تکنیکی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ اس مرکز میں مختلف معذوروں کے لیے پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع بھی فراہم کئے گئے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس حوالے سے الاحسا انوسٹمنٹ فورم کی افتتاحی تقریب کے دوران بتایا گیا ، تقریب کا اہتمام الاحسا چیمبر نے کیا تھا۔ تقریب میں مشرقی ریجن کے گورنر شہزادہ سعود بن نایف بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں متعدد وزرا، حکام، ماہرین، مشیر، کمپنی سربراہان،
مقامی اور بین الاقوامی ایگزیکٹوز، تاجروں اور خواتین کے ایک گروپ نے شرکت کی۔فورم کے سٹریٹجک پارٹنر کے طور پر سعودی آرامکو کی شرکت کا مقصد مملکت میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع اور اقتصادی ترقی میں اپنے کردار کو اجاگر کرنا ہے ۔ خاص طور پر الاحسا گورنریٹ کو مطلوبہ قومی اہداف کے مطابق بنانا بھی مقاصد میں شامل ہے۔واضح رہے نیا مرکز دو مرحلوں میں بنایا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں 330 طلبا و طالبات کی گنجائش متوقع ہے۔ یہ 2025 میں ختم ہونے کا منصوبہ ہے۔ دوسرے مرحلے میں بھی اتنے ہی طلبہ کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ اس طرح اس مرکز سے کل 660 مستفید ہوں گے۔ توقع ہے یہ مرکز سعودی آرامکو کے مبارک کمپلیکس کے مرکز میں 60,000 مربع میٹر سے زیادہ کے رقبے پر محیط ہوگا۔الناصر نے کہا کہ سعودی آرامکو معذوری کے شکار ہمارے بیٹوں اور بیٹیوں کی صلاحیتوں پر توجہ مرکوز کرنے اور ان کی بحالی،
تربیت اور ہنر فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ یہ تر بیت انہیں لیبر مارکیٹ میں داخل ہونے اور ایک باوقار زندگی گزارنے کے قابل بناتی ہے۔الناصر نے کہا کہ سعودی آرامکو کا الاحسا کے ساتھ خصوصی تعلق ہے۔ کمپنی اپنے آغاز سے ہی الاحسا سے منسلک ہے کیونکہ الاحسا کمپنی کے سب سے اہم اور بڑے کاروباری شعبوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ الاحسا میں غیر روایتی گیس کے بڑے ذخائر ہیں ۔ یہاں شیل گیس کی پے در پے اور امید افزا دریافتیں ہوئی ہیں۔ ہم فی الحال الجافورہ فیلڈ کو تیار کرنے پر کام کر رہے ہیں جس کی پیداوار 2025 میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ یہ بھی متوقع ہے۔ اگلے 20 سالوں میں الجافورہ پراجیکٹ کا کل سرمایہ اور آپریشنل سرمایہ کاری 100 بلین ڈالر سے زیادہ ہو جائے گی۔انجینئر امین الناصر نے مزید کہا کہ سعودی آرامکو خواتین کو بااختیار بنانے میں اپنا حصہ ڈالنے کا خواہاں ہے۔ کمپنی نے 3 سال قبل الاحسا میں خواتین کے لیے آرامکو ڈرائیونگ سکول قائم کیا تھا جس میں اب تک 29000 سے زائد خواتین تربیت حاصل کر چکی ہیں۔