شہباز شریف

سعودی عرب سے تاریخی تعلقات کو شراکت داری میں تبدیل کرنے کے خواہش مند ہیں‘ شہباز شریف

ریا ض (نمائندہ عکس)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔عرب نیوز پاکستان ایڈیشن کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان یہ خصوصی رشتہ گزشتہ سات دہائیوں سے ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ہماری دلی خواہش ہے کہ اس تعلق کو ایک گہری، متنوع اور باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری میں تبدیل کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک اب اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ کے ساتھ دو طرفہ تعاون کے نئے اور غیر روایتی شعبوں کی تلاش پر کام کر رہے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے مستقل مذاکرات اور مسلسل سفارت کاری کی ضرورت ہے اور روس یوکرین جنگ سفارت کاری کی ناکامی کو ظاہر کرتی ہے اور مسئلے کا اقوام متحدہ کے چارٹر کی دفعات کے مطابق حل نا گزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان متاثرہ علاقوں میں امداد فراہم کرنے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔خیال رہے کہ وزیر اعظم نے مدینہ منورہ میں قیام کے دوران دو مرتبہ روزہ رسول پر حاضری دی، ریاض الجنتہ میں نوافل ادا کیے،

جمعتہ الوداع کی نماز مسجد نبوی میں ادا کی، ملکی سلامتی، ترقی اور سماجی خوشحالی کے لیے دعائیں مانگیں۔وفاقی وزراء بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسماعیل، نوبزادہ شاہزین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ محمدآصف، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ اور مولانا طاہر اشرفی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفد میں موجود تھے۔ یاد رہے کہ منصب وزارت عظمی سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں