کلین سویپ کا خطرہ

سری لنکاکیخلاف تیسرا ٹی 20،پاکستان کو کلین سویپ کا خطرہ

لاہور(عکس آن لائن) سری لنکا کیخلاف آج تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کو کلین سویپ سے بچاوکا سخت چیلنج درپیش ہے ،سیریز پر قابض مہمان ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں تاہم گرین شرٹس الیون میں عمر اکمل کی جگہ افتخار احمد کی واپسی متوقع ہے جبکہ حارث سہیل بھی قابل غورہیں جنہیں احمد شہزاد کے بجائے میدان میں اتارا جا سکتا ہے۔

قذافی سٹیڈیم میں آج بھی بیٹنگ کیلئے سازگار ماحول ہوگا لیکن اصل مسئلہ یہ ہے کہ پاکستانی ٹیم کا کوئی بھی شعبہ کلک نہیں کررہا کیونکہ بقول ہیڈ کوچ بابر اعظم پر حد سے زیادہ انحصار نے بیٹنگ لائن کو متاثر کیا مگر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ دو ہزار سولہ کے بعد بدترین اعداد وشمار کے مالک پیسر محمد عامر کی فارم ایک بار پھر زوال کا شکار نظر آرہی ہے جنہوں نے دوسرے میچ میں 40 رنز دے ڈالے جبکہ ان سمیت دیگر بالرز بھی وکٹوں کے حصول میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے ابھی تک کوئی ٹی ٹونٹی سیریز تین،صفر سے نہیں جیتی ہے جب کہ پاکستان کو بھی مختصر فارمیٹ میں کبھی تین میچوں کی سیریز میں کلین سویپ ناکامی کا سامنا نہیں کرنا پڑا لیکن آج اسے اس منفی ریکارڈ سے بچاو کا چیلنج درپیش ہے۔پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام 6بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج میچ کے اوقات کار میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔

گراونڈسٹاف کے مطابق آج کے میچ میں بھی وکٹ بلے بازوں کیلئے سازگار ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں