لاہور(عکس آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سرکاری اخراجات میں ریکارڈ کمی اس بات کی عکاس ہے کہ فضول خرچیوں کے بغیر بھی امور سلطنت انجام دیئے جاسکتے ہیں، عمران خان عوامی دولت اور وسائل کے محافظ ہیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹوٹ میں کہا کہ وزیراعظم آفس کے اخراجات میں 29 فیصد اور وزیراعظم ہائوس کے اخراجات میں 49 فیصد کمی اس امر کی ضامن ہے کہ عوامی دولت اور وسائل کا محافظ عمران خان ملک کا سربراہ ہے، ذاتی مفادات کے پجاری ماضی کے حکمران کیمپ آفسز کے نام پر درندوں کی طرح بے رحمی سے قومی وسائل اور دولت لوٹتے رہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کفایت شعاری کا سلسلہ اپنی ذات سے شروع کیا جو صرف وزیر اعظم ہاس تک محدود نہیں بلکہ وفاقی و صوبائی کابینہ اراکین بھی کفایت شعاری مہم پر عمل پیرا ہیں۔