سوئی گیس

سحر و افطار کے اوقات میں شہریوں کو سوئی گیس کی فراہمی کا شیڈول جاری

مکوآنہ (عکس آن لائن)سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈکی جانب سے ماہ رمضان کے دوران سحر و افطار کے اوقات میں شہریوں کو سوئی گیس کی فراہمی کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت سحر کے اوقات میں صبح 3سے 7بجے اور افطار کے اوقات میں سہ پہر 4سے رات 8بجے تک گیس فراہم کی جائے گی۔سینئر جنرل منیجر ڈسٹری بیوشن ایس این جی پی ایل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ چونکہ رمضان المبارک کے دوران گھریلو سطح پر بالخصوص اور کمرشل سطح پر بالعموم سوئی گیس کے استعمال میں اضافہ ہو جاتا ہے اور اس کی طلب بھی معمول سے بڑ ھ جاتی ہے لہٰذا شہریوں کو سحر و افطار کے اوقات میں فل پریشر کے ساتھ سوئی گیس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ تمام ریجنل منیجرز کو ہدائت کی گئی ہے کہ وہ سوئی گیس کے استعمال کے پیک آورز کے دوران سحر کے وقت علی الصبح 3بجے سے صبح 7بجے تک اور افطار کے اوقات میں سہ پہر 4سے رات 8بجے تک صارفین کو پورے پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ انہیں روزہ رکھنے اور افطار کرنے کے ضمن میں کسی مشکل یا پریشا نی کا سامنا نہ کرنا پڑیانہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں سوئی گیس کی سپلائی کی سختی سے مانیٹرنگ کی غرض سے تمام ریجنل دفاتر اور ایگزیکٹو آفسز میں کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں سحر و افطار کے اوقات میں بھی ماہ رمضان کے اختتام تک ضروری سٹاف شفٹوں کی صورت میں موجود رہے گا تاکہ کسی بھی جگہ سے ملنے والی صارفین کی شکائت کا فوری ازالہ کیا جائے۔

انہوں نے بتایاکہ چونکہ پیک آورز میں گیس کے بھر پور استعمال کے باعث گیس کی لیکیج کے خدشات بھی رہتے ہیں لہٰذا اس حوالے سے بھی سوئی گیس کے عملہ اور ٹرانسمیشن ڈیپارٹمنٹ کو مسلسل رابطہ رکھنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی جگہ کسی بھی نا خوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔انہوں نے بتایاکہ تمام ریجنل ہیڈز پر واضح کر دیا گیا ہے کہ وہ اس ضمن میں کسی غفلت،کوتاہی یا لاپرواہی کا مظاہرہ نہ کریں ورنہ ان کے ساتھ کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں