تیز گام ایکسپریس

سانحہ تیزگام میں جاں بحق آٹھ افراد کی ڈیڈ باڈیز لاپتہ ہیں، قائمہ کمیٹی ریلوے میں انکشاف

اسلام آباد(عکس آن لائن)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے میں انکشاف ہوا ہے کہ سانحہ تیزگام میں جاں بحق ہونے والے آٹھ افراد کی ڈیڈ باڈیز لاپتہ ہیں،ریلوے حکام نے کمیٹی کو بتایا ہے کہ دو ڈیڈ باڈیز کی لواحقین نہ ملنے کے باعث امانتا تدفین کر دی گئی ہے، آگ لگنے سے کچھ باڈیز راکھ میں بھی تبدیل ہو جاتی ہیں، کمیٹی نے متاثرہ بوگیوں میں موجود راکھ کے ڈی این اے چیک کروانے کی ہدایت کر دی،چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ متاثرہ بوگیوں کو بالکل بھی نہ چھیڑا جائے ، جبکہ لاپتہ باڈیز کی فہرست کے حوالے سے لوکل پولیس سے بھی تحقیقات کرائی جائے۔

جمعرات کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کا اجلاس چیئرمین سینیٹر محمد اسد علی خان جونیجو کی صدارت میں ہوا،اجلاس کے دوران رکن کمیٹی سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ ریلوے کا کارگو جتنا زیادہ ہو گا اتنا سڑکیں بنانے کے خرچے کم ہوں گے، ریلوے اسٹیشنوں پر اشتہارات کی برینڈنگ کی جائے جس سے ریلوے کو بہت منافع ہو سکتا ہے ،رکن کمیٹی سینیٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا کہ کوئٹہ تفتان ریلوے سیکشن پر کوئی خاص کام نہیں کیا گیا ، اس کی بہتری جتنی زیادہ ہو سکتی ہے کی جائے، ایران سے ترکی تک وہ اپنا ریلوے ٹریک بنا چکے ہیں ، بارڈر سے جو بھی گڈز آتی ہیں وہ ٹرین سے آنی چاہیئں،ریلوے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ کوئٹہ تفتان سیکشن کے ٹریک کی حالت صحیح نہیں ہے ، کوئٹہ تفتان سیکشن ہمارا مستقبل ہے ، اس کی بہتری کے لیئے کام کیاجا رہا ہے،

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں کوئٹہ تفتان سیکشن کی بہتری کے حوالے سے بریفنگ دی جائے،سیکرٹری ریلوے نے کمیٹی کو بتایا کہ ریلوے سے جو آمدن ہوتی ہے اس سے تنخواہیں اور پیشن نہیں دے سکتے،کمیٹی نے ریلوے اسٹیشنوں اور بوگیوں پر اشتہارات کے حوالے سے پروپوزل آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا،اجلاس کے دوران سانحہ تیز گام کا واقعہ بھی زیر غور آیا ،چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ تیز گام کا افسوس ناک واقعہ ہوا،چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ابھی بھی میر پور خاص سے 8 باڈیز مسنگ ہیں ،یہ باڈیز کہاں ہیں؟

ریلوے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ سانحہ میں جاں بحق ہونے والے 76 افراد میں سے 74 کی ڈیڈ باڈیز لواحقین کے سپرد کر دی گئیں،59 باڈیز کے کئی سیمپل ڈی این اے کے لیئے گئے، سیمپل میچ ہونے سے ڈیڈ باڈیز لواحقین کے سپرد کی گئیں،دو ڈیڈ باڈیز کے لواحقین نہیں آئے،ان کی امانتا تدفین کی گئی ہے ،ٹوٹل دس لاپتہ ڈیڈ باڈیز کی فہرست ہمارے پاس ہے ، ان دس کی فہرست پولیس نے کنفرم کی ہے، تین بوگیاں متاثر ہوئی تھیں،چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ دوبارا تلاش کرنی ہو گی ،

یہ لوگ کہاں گئے، ریلوے پولیس حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ آگ لگنے سے کچھ باڈیز راکھ میں بھی تبدیل ہو جاتی ہیں،چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ اگر راکھ میں سے ڈی این اے لیئے جائیں تو پتہ چل سکتا ہے ،متاثرہ بوگیوں میں موجود راکھ کے ڈی این اے چیک کروائیں،متاثرہ بوگیوں کو بالکل بھی نہ چھیڑا جائے ، جبکہ لاپتہ باڈیز کی فہرست کے حوالے سے لوکل پولیس سے تحقیقات کرائی جائے

اپنا تبصرہ بھیجیں