لاہور(عکس آن لائن)
سابق وزیراعظم نوازشریف علاج کے لیے لاہور سے لندن روانہ ہوگئے،شہباز شریف اور ڈاکٹر عدنان بھی ہمراہ ہیں ، روانگی کے وقت رہائشگاہ پر موجود کارکنان نے نعرے بازی اور گاڑی پر پھول نچھاور کئے ،ایئرپورٹ آنیوالے راستے پرسکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو میاں نوازشریف لاہور ائیرپورٹ جانے کے لیے سخت سکیورٹی میں جاتی امرا سے روانہ ہوئے، اس موقع پر ان کی رہائش گاہ کے باہر موجود کارکنان نے نعرے بازی کی اور ان کی گاڑی پر پھول نچھاور کیے، قائد مسلم لیگ (ن) کو قافلے کی صورت میں ایئر پورٹ پہنچایا گیا، جس میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، خاندان کے دیگر افراد بھی شامل تھے۔ائیرپورٹ پہنچنے پر نوازشریف کی روانگی کے لیے امیگریشن کی کارروائی مکمل کی گئی جس کے بعد ان کا ائیرایمبولینس میں چیک اپ کیا گیا جس کے بعد ائیرایمبولینس نے تقریبا ساڑھے 10 بجے لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ سے اڑان بھری۔نوازشریف کے ہمراہ ان کے بھائی شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سمیت 7 افراد لندن روانہ ہوئے ہیں ،
بڑی تعداد میں کارکن قائد کو خدا حافظ کہنے کیلئے حج ٹرمینل پر موجود رہے ،(ن) لیگی رہنما احسن اقبال، خواجہ آصف اور مریم اورنگزیب سمیت دیگر رہنمائوں نے ایئر پورٹ پر نواز شریف سے ملاقات کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سابق وزیراعظم کو لے کر ائیر ایمبولینس پہلے قطر کے شہر دوحہ پہنچے گی جہاں کچھ دیر قیام کے بعد لندن کے لیے روانگی ہوگی۔ لندن میں نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز کی رہائش گاہ پر سابق وزیراعظم کے لیے ایک کمرہ بک کرلیا گیا جہاں نوازشریف ابتدائی طور پر قیام کریں گے۔
مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز اپنے والد نوازشریف کو رخصت کرنے ائیرپورٹ نہیں گئیں، انہوں نے اپنی دادی کے ہمراہ نوازشریف کو گھر سے رخصت کیا۔سابق وزیراعظم کو لینے کے لیے آنے والی قطر ائیرویز کی جدید ترین سہولیات سے آراستہ ائیر ایمبولینس صبح پونے 9 بجے کے قریب لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ پہنچی تھی، ائیر ایمبولینس براہ راست لندن تک پرواز کرسکتی ہے جبکہ اس میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف بھی موجود ہے، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ائیر ایمبولینس میں آپریشن بھی کیا جاسکتا ہے۔ائیر ایمبولینس شریف فیملی کی جانب سے کرائے پرحاصل کی گئی ، ائیر ایمبولینس قطر کی ہے جو ائیر بس طیارے میں بنایا گیا ،
ائیر ایمبولینس میں اسٹریچر کے علاوہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس اسٹاف ہوتا ہے اور یہ ائیر ایمبولینس براہ راست لندن تک پرواز کرسکتی ہے۔نوازشریف کی روانگی سے قبل مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ائیرایمبولینس میں آئی سی یو اور آپریشن تھیٹر کی سہولت موجود ہے، سفر پر روانگی سے قبل ڈاکٹرز نے نواز شریف کا تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں دوران سفر خطرات سے بچانے کیلئے اسٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز دی گئی ہیں۔
وزارت داخلہ نے لاہورہائی کورٹ کے حکم کی مصدقہ نقل ملنے کے بعد نوازشریف کو ایک بار کیلئے بیرون ملک جانے دینے کا ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔