لاہور(عکس آن لائن) پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ لیاقت پور تحصیل سمیت 100 مقامات پر ایمرجنسی سینٹرز بنائیں گے، سانحہ تیز گام جیسے واقعات سے نمٹنے کے لیے فرسٹ ایڈ ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ میانوالی، لیہ سمیت مختلف شہروں میں 5 زچہ بچہ اسپتال بنا رہے ہیں، جب کہ گنگارام اسپتال میں مزید سہولتوں کے لہے ڈیپارٹمنٹس بنائے جائیں گے۔یاسمین راشد نے حادثات میں فرسٹ ایڈ کی ضرورت سے متعلق حکومتی اقدامات کے حوالے سے کہا کہ سانحہ تیز گام جیسے واقعات سے نمٹنے کے لیے فرسٹ ایڈ ضروری ہے، اس ضمن میں ایمرجنسی سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں جن کے قیام سے حادثات سے جلد نمٹنے میں مدد ملے گی۔وزیر صحت کا کہنا تھا کہ لیاقت پور تحصیل میں ایمرجنسی سینٹر ضرور ہونا چاہیے، 100 ایسی جگہوں پر ایمرجنسی سینٹرز بنائیں گے، وزیر اعلی پنجاب نے بھی ایئر ایمبولینس میں گہری دل چسپی کا اظہار کیا ہے۔
نواز شریف کی صحت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے اچھے سے اچھے علاج کی کوشش کی گئی ہے، مریض کی مرضی اہم ہوتی ہے، نواز شریف اپنی مرضی سے گھر گئے ہیں، علاج کی سہولتوں سے وہ خود مطمئن تھے، تاہم کوئی بھی کسی کی زندگی اور صحت کی گارنٹی نہیں دے سکتا، ہم اپنی گارنٹی نہیں دے سکتے دوسروں کی کیسے دیں۔انھوں نے مزید کہا کہ اللہ سے دعا کرتی ہوں ہمیں دوسروں کے لیے شفا کا ذریعہ بنائے، مریض کے معاملے پر ہم سمجھوتا نہیں کر سکتے، ڈاکٹرز کے لیے زندگی میں مریض سے زیادہ کوئی اہم نہیں ہوتا، حکومت پر ذمہ داری ڈالنے جیسے بیانات آئے تو بہت دکھ ہوا، خان صاحب سے بات کی اور کہا کہ ہم کیسے کسی کی گارنٹی دیں۔