اسلام آباد(عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ریاست مخالف بیانیے کے مسلم لیگ (ن) کے اندر مضر اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور یہ لاوا بہت جلد پھٹے گا ، ووٹ کو عزت دو کا راگ الاپنے والے گلگت بلتستان کی عوام کے ووٹ کو عزت دینے میں کیوں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں ، کورونا وباء کے اثرات کے باوجود معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے دفتر میں پارٹی کے مرکزی رہنمائوں کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہم بر ملا کہہ چکے ہیں کہ ہمیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی سمیت کسی بھی جماعت میں ٹوٹ پھوٹ اور مقابلے کی دوڑ سے باہر ہونے پر خوشی نہیں ہو گی بلکہ ہم توچاہتے ہیںکہ اپوزیشن مضبوط ہو اور جمہوری نظام کے لئے اپنا کردار ادا کرے ،اپوزیشن کو” میں نہ مانوں ” کی رٹ لگانے کی بجائے ملک و قوم کے بہترین مفاد میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔
انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنی سیاست کیلئے ریاست مخالف بیانیہ اپنایا جو ان کے اپنے گلے پڑ چکا ہے ، اس کے مضر اثرات واضح طور پر سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور یہ لاوا بہت جلد پھٹے گا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مینو فیکچرننگ گروتھ اور برآمدات بڑھ رہی ہیں جو معاشی اشارے بہتر ہونے کی نوید ہے اور انشا اللہ جیسے جیسے وقت گزرے گا اس جانب سفر مزید تیزی سے آگے بڑھے گا۔