مہنگائی

رواں ہفتے میں مہنگائی میں 0 عشاریہ 15 فیصد اضافہ ہوا

اسلا م آباد (عکس آن لائن) عید الفطر کے بعد پہلے ہفتے میں مہنگائی کی ہفتہ وار شرح کم نہ ہو سکی، رواں ہفتے میں مہنگائی میں 0 عشاریہ 15 فیصد اضافہ ہوا۔ دوسری جانب گیلپ پاکستان کی جانب سے ملک کی عوامی کی معاشی حالت اور مہنگائی کے اثرات جاننے کیلئے ایک سروے کروایا گیا، جس کے پریشان کن نتائج سامنے آئے ہیں۔

گیلپ پاکستان کی جانب سے مہنگائی سے متعلق حالیہ سروے کے جاری کردہ نتائج کے مطابق سروے کے دوران 91 فیصد پاکستانیوں نے بتایا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث ماہانہ گھریلو بجٹ میں گزارا کرنا مشکل ہوگیا ہے جبکہ 7 فیصد نے کہا کہ سب اچھا ہے۔ سروے کے مطابق 91 فیصد شہری ایسے ہیں جو کہتے ہیں کہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے گزارا کرنا مشکل ہوگیا ہے، اخراجات پورے کرنے کے حوالے سے وہ دباﺅکا شکار ہیں۔

نتائج کے مطابق ان لوگوں میں 91 فیصد شہری 7 ہزار سے 15 ہزار روپے کمانے والے جبکہ 93 فیصد 15 سے 30 ہزار روپے کمانے والے پاکستان کے عام شہری ہیں۔ اسی طرح 86 افراد ایسے ہیں جو 30 ہزار روپے سے زائد ماہانہ آمدن کے بجٹ میں گزار ے کو مشکل قرار دیتے ہیں۔ 90 فیصد ایسے شہری جنہوں نے محدود بجٹ میں گزارا کرنے کو مشکل قرار دیا، انہوں نے اپنی ماہانہ آمدنی 7 ہزار سے 30 ہزار کے درمیان بتائی۔سروے کے نتائج کے مطابق صرف 7 فیصد ایسے افراد ہیں جنہیں بڑھتی ہوئی مہنگائی یا اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے سے کوئی پریشانی نہیں۔ گیلپ کے مطابق 2 فیصد افراد نے اس سروے میں سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا۔ گیلپ پاکستان کے مطابق اس سروے میں 1100 سے زائد افراد نے حصہ لیتے ہوئے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ یہاں واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں مہنگائی میں اضافے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے۔ ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح 200 فیصد اضافے سے 35 فیصد جبکہ ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی کی شرح 46 فیصد سے زائد ہو چکی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں