راولپنڈی ( عکس آن لائن)راولپنڈی ٹیسٹ جیتنے کے لئے آج (پیر)پانچویں اورآخری روزپاکستانی بالر 9شکار کرنے جبکہ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی 243رنزجوڑنے کے لئے میدان میں اتریں گے۔ راولپنڈی میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز کے کھیل کا اختتام ہوا تو جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے مزید 243 رنز درکار تھے اور اس کی 9 وکٹیں باقی ہیں۔جنوبی افریقہ نے پاکستان کی جانب سے دئیے گئے ایک مشکل ہدف کاتعاقب شروع کیا تو میکرم اور ڈین ایلگر نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 33 رنز بنائے۔پاکستان کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے 17 پر کھیلنے والے تجربہ کار ایلگر کی وکٹ حاصل کی جو مختصر اننگز میں 4 چوکے لگا چکے تھے۔تحریر جاری ہیمیکرم اور وین ڈرڈوسن نے دوسری وکٹ میں پراعتماد انداز میں بیٹنگ جاری رکھی اور دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی۔اس دوران میکرم نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اورپاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔چوتھے روز جب کھیل کا اختتام ہوا تو جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ پر 127 رنز بنائے لیے تھے اور جیت کے لیے مزید 243 رنز درکار ہیں۔
میکرم 59 اور ڈوسن 48 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔قبل ازیں قومی ٹیم نے پہلی اننگز کے 71 رنز کی برتری کی مدد سے دوسری اننگز میں محمد رضوان کی شان دار سنچری کے باعث 298 رنز بنائے اور مجموعی برتری 370 رنز کرکے جنوبی افریقی ٹیم کو سیریز برابر کرنے کے لیے ایک مشکل ہدف دے دیا۔دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے دوسری اننگز میں 129 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر کھیل کا آغاز کیا تو حسن علی زیادہ دیر تک دوسرے اینڈ پر موجود محمد رضوان کا ساتھ نہ دے سکے اور 143 کے مجموعی اسکور پر 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ان کے آئوٹ ہونے کے بعد ٹیم کے اسکور کو محمد رضوان کے ساتھ آگے بڑھانے کے لیے یاسر شاہ آئے اور ان دونوں کھلاڑیوں نے مل کر 53 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 196 کے مجموعی اسکور پر یاسر شاہ بھی آٹ ہوگئے، انہوں نے 23 رنز بنائے۔196 پر 8 وکٹیں گنوا دینے کے بعد قومی ٹیم کے اگلے آنے والے کھلاڑی نعمان علی تھے .
جو کھانے کے وقفے تک محمد رضوان کے ہمراہ کیریز پر موجود رہے۔چوتھے دن جب میچ میں کھانے کا وقفہ ہوا تو قومی ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز بنا لیے تھے۔وقفے کے بعد جب کھیل کا آغاز ہوا تو محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری بنا کر ٹیم کو دبا سے نکال کر مستحکم پوزیشن پر پہنچایا۔محمد رضوان اور نعمان علی نے نویں وکٹ کے لیے 97 رنز کی شان دار شراکت بھی قائم کی لیکن اپنے کیریئر کا دوسرا ٹیسٹ کھیلنے والے نعمان علی 293 کے مجموعی اسکور پر 45 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے اور بین الاقوامی کرکٹ میں محض 5 رنز کے فرق سے اپنی پہلی نصف سنچری سے محروم رہے۔جس کے بعد اگلے آٹ ہونے والے کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی تھے جو صرف 4 رنز بنا سکے، یوں قومی ٹیم نے دوسری اننگز میں 298 رنز بنائے۔قومی ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں محمد رضوان نے سب سے زیادہ 115 رنز بنائے اور وہ ناٹ آئوٹ رہے، ان کے علاوہ نعمان علی 45، اظہر علی 33 اور فہیم اشرف 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ ٹیم کی جانب سے جیورج لنڈی نے 5 کھلاڑیوں، کیشو ماہاراج نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ربادا کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 272 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں مہمان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 201 رنز بنا سکی تھی۔اس طرح قومی ٹیم کو جنوبی افریقہ کی ٹیم پر 71 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان اس دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں قومی ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے ۔