لاہور(عکس آن لائن ) نامور اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ عورت اگر اپنی طاقت دکھانے پر اتر آئے تو وہ ایک چٹان ہے ، کیرئیر کے دوران بہت سے لوگوں نے میرے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی لیکن میں کبھی ان کے سامنے ہمت نہیں ہاری ، کسی بھی شعبے میں اگر کوئی شخصیت فلاحی منصوبہ شروع کرے تو حکومت کو اس کی حوصلہ افزائی اور اس کی معاونت کرنی چاہیے ۔ ایک انٹر ویو میں میرا نے کہا کہ میرے بارے میں جس طرح کی باتیں کی جاتی ہیں ان میں کوئی حقیقت نہیں ،میں کھبی مایوس نہیں ہوئی .
اس لئے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتی ہوں ۔ اداکارہ نے کہا کہ میرے ہسپتال کے منصوبے کو سنجیدگی سے نہیں لیاگیا لیکن میں انفرادی اور اجتماعی حیثیت میں انسانیت کی خدمت کا مشن جاری رکھوں گی ۔حکومت کو چاہیے کہ اگر کوئی شخص عوام کی فلاح کے لئے کوئی منصوبہ شروع کرتا ہے تو اسے بلا کر اس کی نہ صرف حوصلہ افزائی کی جائے بلکہ اس کی سرپرستی بھی ہونی چاہیے تاکہ ایسے منصوبوں کی راہ میں حائل ہونے والی رکاوٹیں دور ہو سکیں۔