کراچی(عکس آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا میں کوئی معاشرہ خواتین کو اْن کے حقوق دیئے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔
خواتین ہر کردار میں چاہے ماں ہو، بیٹی ہو، بہو ہو یا بہن ہو قابلِ احترام ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین نے ہر میدان میں معاشرے اور قوم کی تعمیر کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے باشعور عوام تھی جنہوں نے شہید بے نظیر بھٹو کو عالمی مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم چنا۔یہ فاطمہ جناح تھیں جنہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کی پاکستان کی جدوجہد میں بھرپور مدد کی۔
یہ بیگم نصرت بھٹو تھیں جنہوں نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے تاریخی جدوجہد کی۔یہ شہید بے نظیر بھٹو تھیں جس نے ملک میں جمہوریت کی خاطر اپنی جان قربان کی۔انہوں نے کہا کہ رعنا لیاقت علی خان، اسماء جہانگیر اور ایسی کہیں بہادر خواتین نے ملک اور قوم کے لیے انتھک محنت کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم خواتین کو برابری کی بنیاد پر حقوق دیں گے اور ان کا احترام کریں گے۔