کابل (عکس آن لائن) افغان طالبان نے کہا ہے کہ دنیا جان چکی ہے کہ افغان جنگ کی بنیادی وجہ امریکی جارحیت ہے،جارحیت کے خاتمے سے ہی امن قائم ہو سکتا ہے، پاکستان سمیت پڑوسی ممالک سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق طالبان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان کے سیاسی معاون اور قطر دفتر کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر کی سربراہی میں وفد نے قطر سے پاکستان کا سفر کیا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر اعلی حکام نے وفد کا استقبال کیا۔ دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ افغان تنازع کا فوجی حل ممکن نہیں ہے لہذا وہاں جنگ ختم اور امن قائم ہونا چاہیے۔طالبان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کے وفد نے پاکستانی دارالحکومت میں امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن زلمے خلیل زاد سے بھی ملاقات کی۔افغان طالبان کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے پاکستان سمیت پڑوسی ممالک سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔