اسلام آباد (عکس آن لائن) پاکستان سمیت دنیا بھر میں دماغی صحت کا عالمی دن 10 اکتوبر کو منایا جائے گا جس کا مقصد لوگوں کو ذہنی بیماریوں اور ان سے بچاؤ بارے آگاہی فراہم کرنا ہے،عالمی ادارہ برائے صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق دنیا میں ہر چھٹے فرد کو کوئی نہ کوئی ذہنی مرض لاحق ہے اور نوجوانوں میں خودکشی کے رجحان میں اضافے کی بڑی وجہ بھی ذہنی دباؤ ہے ۔
دماغی صحت کے عالمی دن کی مناسبت سے 10 اکتوبر کو ملک بھر میں سرکاری ونیم سرکاری اداروں اور سماجی تنظیموں کے زیر انتظام خصوصی پروگرامز اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ عوام کو ذہنی امراض اورڈپریشن سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جاسکے۔ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر تمام بیماریوں میں ذہنی بیماریوں کی شرح 16 فیصد ہے جو تشویشناک ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ 2030 ء تک ڈپریشن دنیا کا سب سے بڑا مرض ہوگا۔