پٹرول

خام تیل ، ڈیزل کی درآمد کم،پٹرول اورہائی اوکٹین میں اضافہ

کراچی(عکس آن لائن)سال 2019 کے آخری ماہ دسمبر میں پٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں کمی کے باعث خام تیل کی در آمد میں بھی 24فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔انڈسٹری ذرائع کے مطابق دسمبر 2019 میں خام تیل کی در آمد 5 لاکھ 52 ہزار 458 ٹن رہی جبکہ نومبر میں 7 لاکھ 23 ہزار ٹن خام تیل در آمد کیا گیا تھا ،

بتایا جاتا ہے کہ پٹرول اور جیٹ فیول کے علاوہ دیگر پٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں کمی کے باعث مقامی ریفائنریوں کی جانب سے خام تیل کی در آمد میں کمی دیکھی گئی ،دسمبر میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی در آمد میں بھی 24 فیصد کی کمی رہی اور 2لاکھ32ہزار ٹن سے زائد ہائی اسپیڈ ڈیزل در آمد کیا گیا جبکہ نومبر میں ڈیزل کی در آمد 3 لاکھ 5 ہزار ٹن سے زائد رہی تھی ،پٹرول کی در آمد میں دسمبر کے دورا ن محض ایک فیصد کا اضافہ ہوا اور 4 لاکھ 9 ہزار 436 ٹن پٹرول در آمد کیا گیا جبکہ نومبر میں پٹرول کی در آمد4لاکھ5ہزار ٹن سے زائد رہی تھی ،

ہائی اوکٹین کی در آمد میں دسمبر کے دوران 106فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا اور ہائی اوکٹین کی در آمد7195ٹن رہی جبکہ نومبر میں 3495ٹن ہائی اوکٹین در آمد کیا گیا تھا ،طیاروں میں استعمال ہونے والے ایندھن جیٹ فیول ون کی در آمد دسمبر میں 95فیصد اضافے سے 20ہزار489ٹن ریکارڈ کی گئی جبکہ نومبر میں جے پی ون کی در آمد 10 ہزار 492 ٹن کی سطح پر رہی تھی ،دسمبر میں نیفتھا کی بر آمد میں کمی رہی اور 71فیصد کمی سے 7672ٹن نیفتھا بر آمد کیا گیا جبکہ نومبر میں 28105ٹن نیفتھا بر آمد کیا گیا تھا ۔انڈسٹری ذرائع کے مطابق دسمبر میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث بجلی کی پیداوار میں فرنس آئل اور ڈیزل کی کھپت میں کمی کی وجہ سے مقای ریفائنریوں کی پیداوار کم رہی اور اسی سبب خام تیل کی در آمد میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں